وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین کا پہلا بڑا فیصلہ
وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کا رجسٹرار لگانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کا رجسٹرار لگانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس امین الدین خان نے سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد حفیظ کو رجسٹرار آئینی عدالت لگا دیا،جسٹس امین الدین خان نے مظہر بھٹی کو سیکرٹری ٹو چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت تعینات کردیا۔

علاوہ ازیں ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ جسٹس کریم خان آغا کل وفاقی آئینی عدالت کے جج کا حلف اٹھائیں گے،چیف جسٹس امین الدین خان جسٹس کریم خان آغا سے حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔

واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس، جسٹس امین الدین خان نے عہدے کا آج باقاعدہ حلف اٹھا لیا۔

وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد ہوئی، صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس امین الدین سے بطور چیف جسٹس آئینی عدالت حلف لیا۔

یہ بھی پڑھیں: آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس محمد یحییٰ آفریدی، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ججز صاحبان اور دیگر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت کا قیام ستائیسویں آئینی ترمیم کے تحت ممکن ہوا، جس کا بنیادی مقصد سپریم کورٹ پر بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنا اور آئینی نوعیت کے مقدمات کے لیے ایک مخصوص فورم فراہم کرنا ہے۔