اعلامیے کے مطابق نوابشاہ میں 17 نومبر بروز پیر حضرت سید اصغر علی شاہ المعروف سخی جام داتار کے عرس کے موقع پر ضلع بھر میں عام تعطیل ہوگی، تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور عوامی محکمے بند رہیں گے۔ یہ تعطیل روحانی بزرگ حضرت سخی جام داتارؒ کے 754ویں سالانہ عرس کی مناسبت سے دی گئی ہے، جو سندھ سمیت پورے ملک میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر زائرین کی بڑی تعداد جام صاحب کے دربار پر حاضری دیتی ہے اور مختلف مذہبی و روحانی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی مشکل آسان کر دی
ضلعی انتظامیہ نے عرس کے موقع پر سیکیورٹی، ٹریفک اور صفائی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ زائرین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی پلان تیار کیا گیا ہے تاکہ جام صاحب جانے والے راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے صفائی مہم بھی تیز کر دی گئی ہے، جب کہ واٹر سپلائی اور بجلی کے نظام کو فعال رکھنے کے لیے بھی متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سخی جام داتارؒ کے سالانہ عرس کی تین روزہ سرکاری تقریبات 17 نومبر سے 19 نومبر تک جاری رہیں گی۔ ان تقریبات میں ملک بھر سے زائرین اور عقیدت مندوں کی آمد متوقع ہے۔ عرس کے دوران مذہبی اجتماعات، قوالی کی محافل، دعا و مناجات اور نیاز و لنگر کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
یاد رہے اتوار اور پیر کی مسلسل دو تعطیلات کے باعث شہریوں، طلبہ اور سرکاری ملازمین کے لیے یہ ایک خوشگوار موقع قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ انہیں دو دن مسلسل آرام اور عرس کی تقریبات میں شرکت کا موقع ملے گا۔