نئے نرخوں کے مطابق پیٹرول 2 روپے 43 پیسے فی لٹر مہنگا ہو گیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 2 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 265 روپے 45 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 278 روپے 44 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ ان نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تاریخ کی چوتھی بڑی تیزی
وزارتِ خزانہ نے وضاحت کی ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اوسطاً 4 ڈالر فی بیرل اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کا براہِ راست اثر پاکستان کی درآمدی لاگت پر پڑا۔ مزید برآں، روپے کی قدر میں معمولی کمی نے بھی قیمتوں میں اضافے کو مزید بڑھایا۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی نئی لہر کا باعث بن سکتا ہے، کیونکہ ٹرانسپورٹ اور اشیائے خوردونوش کے نرخوں میں اضافہ متوقع ہے۔ شہریوں نے حکومت کے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی سے عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے، اب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مزید مشکلات پیدا کرے گا۔