پنجاب حکومت کا صوبہ بھر کی مساجد کی تزین و آرائش و بحالی کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کی مساجد کی تزئین و آرائش اور بحالی کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہی ہیں
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کی مساجد کی تزئین و آرائش اور بحالی کا فیصلہ کر لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت امن و امان کے حوالے سے مسلسل ساتواں غیر معمولی اجلاس ہوا جس میں امن و قانون کی نئی سمت طے کردی گئی، غیر معمولی اجلاس میں امن و امان سے متعلق سخت اور فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاؤڈ سپیکر ایکٹ کے سختی سے نفاذ کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے سخت ترین نفاذ کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے نفاذ کو سی سی ٹی وی کیمروں اور ٹیکنالوجی سے مانیٹر کیا جائے گا، لاؤڈ اسپیکر سے نفرت یا اشتعال انگیزی پھیلانے والے اب قانون کے کٹہرے میں ہوں گے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سوائے فتنہ پرستوں اور انتہا پسند سوچ والے عناصر کے پنجاب میں کسی مذہبی جماعت پر کوئی پابندی نہیں، پنجاب میں مذہبی جماعتیں ضابطہ اخلاق کے مطابق اپنی سرگرمیاں بلا روک ٹوک جاری رکھ سکتی ہیں، مذہبی ہم آہنگی میں معاون جماعتوں کی پنجاب حکومت مکمل سرپرستی کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سیاست یا مذہب کی آڑ میں انتہا پسندی ناقابل قبول ہے، مریم نواز

پنجاب میں مذہب کا نام لے کر نفرت پھیلانے والوں کے لیے قانون کی رسی تنگ کر دی گئی، پنجاب میں کسی کاروبار،کسی جماعت یا کسی فرد واحد کو کسی بھی کام کے لئے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں۔

پنجاب حکومت نے پھر سے واضح کیا ہے کہ صوبہ بھر میں جمعہ کے خطبے اور پانچ وقت کی اذان کے لئے لاؤڈ اسپیکر پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں۔

آئمہ کرام کے وظائف کیلئے مساجد کی میپنگ شروع

صوبائی حکومت نے پنجاب بھر کی مساجد کی تزین و آرائش و بحالی کا بھی فیصلہ کیا ہے، مساجد میں تمام مسنگ فسیلٹیز مہیا کی جائیں گی، مساجد کی اطراف والے راستوں کو کلیئر کیا جائے گا ،نکاسی کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبہ بھر کے 65 ہزار سے زائد آئمہ کرام کے وظائف کے لئے جلد اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی، حکومتِ پنجاب آئمہ کرام کے احترام اور سہولت کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں 65 ہزار آئمہ کرام کے وظائف کے لئے صوبے بھر کی مساجد کی ڈیجیٹل میپنگ شروع کر دی گئی، آئمہ کرام کی وظائف کا اندراج شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی پھیلانے پر پیکا ایکٹ تحت کارروائی کا فیصلہ

دوران اجلاس وزیراعلیٰ مریم نواز نے غیر قانونی اسلحہ سرینڈر کرنے والے عوام کے جذبۂ تعاون پر اظہارِ اطمینان کیا اور واضح کیا کہ پنجاب میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے یا چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔

حکومتِ پنجاب نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی سہولت کاری یا معاونت پر کڑی سزا کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر نفرت، جھوٹ اور اشتعال پھیلانے والوں کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز مواد کی نگرانی کے لیے اسپیشل یونٹس فعال کر دیے گئے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پنجاب امن کا گہوارہ ہے، اسے انتشار کا میدان نہیں بننے دیا جائے گا۔