رجسٹرار سپریم کورٹ محمد سلیم خان نے اپنا استعفیٰ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو پیش کیا۔ سلیم خان اس وقت 45 روز کی تعطیلات پر تھے، جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فخر زمان کے پاس رجسٹرار سپریم کورٹ کا اضافی چارج موجود ہے۔ محمد سلیم خان نومبر 2024 میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار مقرر ہوئے تھے۔
وہ اس سے قبل پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے سینئر افسر اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں سابق رجسٹرار جزیلہ اسلم کی جگہ تین سالہ مدت کیلئے تعینات کیا گیا تھا۔ عہدے سے دستبرداری کے موقع پر سپریم کورٹ میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سمیت دیگر ججز نے شرکت کی۔ الوداعی تقریب کے اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے محمد سلیم خان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ تقریب میں رجسٹرار سلیم خان کی پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور وقف شدہ خدمات کا اعتراف کیا۔
چیف جسٹس نے عدالتی انتظامیہ کی معاونت، انتظامی امور میں موثر ہم آہنگی کو یقینی بنانے میں ان کے اہم کردار کو سراہا۔ محمد سلیم خان نے چیف جسٹس اور دیگر ججز کا ان کی رہنمائی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق محمد سلیم خان نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنی مدت مکمل ہونے سے قبل ہی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔