راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی گرفتاری کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی۔
26 نومبر احتجاج کیس میں اے ٹی سی راولپنڈی سے جاری علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لیے پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کی گرفتاری کے لیے عدالت سے اجازت طلب کر لی۔
پولیس کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ علیمہ خان کو گرفتار کر کے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرنا ہے،علیمہ خان کی گرفتاری کی اجازت دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس تھانہ صادق آباد کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو کسی بھی وقت گرفتار کر سکتی ہے۔
عدالت نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کو 3 نومبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا، دوسری جانب نادرا نے عدالتی حکم پر علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کردیا۔
یاد رہے کہ 24 اکتوبر کو عدالت نے وارنٹ گرفتاری کے باوجود عدم پیشی پر علیمہ خان کے خلاف بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ان کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ بلاک اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا تھا۔