ذرائع کے مطابق گھریلو صارفین کی جانب سے آر ایل این جی (Re-gasified Liquefied Natural Gas) کنکشنز کے لیے بڑے پیمانے پر درخواستیں جمع کروائی جا رہی ہیں۔ تاہم، سوئی ناردرن میں سیلز اسٹاف کی شدید کمی کے باعث ان درخواستوں کی پروسیسنگ میں نمایاں تاخیر ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی صارفین کیلئے خوشخبری، فی یونٹ قیمت میں کمی کا امکان
محکمے کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ صارفین کی بڑی تعداد ریجنل دفاتر میں روزانہ لائنوں میں کھڑی نظر آتی ہے جبکہ عملہ محدود ہونے کے باعث تمام درخواستوں کو بروقت نمٹانا ممکن نہیں ہو پا رہا۔ کئی درخواست گزاروں نے شکایت کی ہے کہ انہیں درخواست جمع کرائے کئی ہفتے گزر چکے ہیں مگر اب تک ان کے کاغذات کی تصدیق یا آگے کارروائی شروع نہیں ہو سکی۔
سوئی ناردرن حکام کے مطابق پابندی ختم ہونے کے بعد آر ایل این جی کے نئے کنکشنز فراہم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور کمپنی تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ صارفین کو جلد از جلد سہولت فراہم کی جا سکے۔ کمپنی نے اس سلسلے میں اضافی اسٹاف کی تعیناتی اور آٹومیشن سسٹم بہتر بنانے پر بھی غور شروع کر دیا تاکہ درخواستوں کے ازالے میں تیزی لائی جا سکے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ گیس کی قلت کے پیش نظر آر ایل این جی پر انحصار بڑھانا ناگزیر ہے، تاہم اتنی بڑی تعداد میں نئی درخواستوں سے نظام پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔