پولیس کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو نوتال کے قریب دہشت گردوں نے راکٹوں سے نشانہ بنایا، نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر چار راکٹ فائر کیے گئے، خوش قسمتی سے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے مسلح افراد موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ سکیورٹی فورسز واقعہ کے حوالے سے مزید تحقیقات کررہی ہیں۔
جعفر ایکسپریس پر حملے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد ٹرین کو نوتال کی حدود میں روک دیا گیا ہے تاہم سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد ٹرین کو منزل کی جانب روانہ کردیا گیا جبکہ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے ریلوے ٹریک کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: کرم، سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید
یاد رہے کہ رواں برس 11 مارچ کو بھی کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس کو دہشت گردوں نے نشانہ بنا کر مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔
اس افسوسناک واقعہ میں ٹرین ڈرائیور زخمی ہو گیا تھا جبکہ سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان مسلسل فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری رہا اور بعدازاں 354 مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا جبکہ واقعہ میں 26 افراد شہید ہوئے تھے۔