پیپلزپارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے امیدوار کا نام فائنل کر لیا
پیپلزپارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے امیدوار کا نام فائنل کرلیا۔
بلاول بھٹو اجلاس کی صدارت کررہے ہیں (فائل فوٹو)
اسلام آباد: (سنو نیوز) پیپلزپارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے امیدوار کا نام فائنل کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت نے وزارت عظمیٰ کیلئے چودھری یاسین کے نام کی منظوری دے دی، چودھری یاسین کا نام بلاول بھٹو کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اناؤنس کیا گیا، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت اجلاس میں موجود تھی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پیپلز پارٹی میں آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے لئے چار ناموں پر غور ہو رہا تھا، وزارت عظمیٰ کی فہرست میں چودھری یاسین، لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور اور سردار یعقوب خان کا نام شامل تھا۔

پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے لیے چودھری یاسین کا نام فائنل کر لیا، پارٹی کی جانب سے باقاعدہ اعلان آج رات تک کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کے صدر آزادکشمیر کے ساتھ معاملات طے پا گئے

دوسری جانب سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی آزاد کشمیر فیصل راٹھور کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کے نام کے حوالے سے کوئی حتمی منظوری یا فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کے ناموں پر پارٹی کی مشاورت ہوتی رہی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کے نام کا خود اعلان کریں گے۔

علاوہ ازیں ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ پیپلزپارٹی کے صدر آزاد کشمیر کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی نے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود کو نہ ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، بیرسٹر سلطان محمود پی پی حکومت میں صدر کے عہدے پر برقرار رہیں گے، بیرسٹر سلطان محمود بطور صدر آزاد کشمیر اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔

پی پی پی ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان گروپ نے پیپلزپارٹی میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی ہے، آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں بیرسٹر سلطان گروپ کے 5 اراکین ہیں تاہم بیرسٹر سلطان محمود نے بذات خود پیپلزپارٹی میں تاحال شمولیت اختیار نہیں کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آزادکشمیر کے بیٹے یاسر سلطان نے پی پی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، صدر آزادکشمیر کے بیٹے یاسر سلطان رکن آزادکشمیر اسمبلی ہیں، بیرسٹر سلطان گروپ کو آزادکشمیر کابینہ میں بھی شامل کئے جانے کا امکان ہے۔