ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود کو نہ ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، بیرسٹر سلطان محمود پی پی حکومت میں صدر کے عہدے پر برقرار رہیں گے، بیرسٹر سلطان محمود بطور صدر آزاد کشمیر اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔
پی پی پی ذرائع کا بتانا ہے کہ بیرسٹر سلطان گروپ نے پیپلزپارٹی میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی ہے، آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں بیرسٹر سلطان گروپ کے 5 اراکین ہیں تاہم بیرسٹر سلطان محمود نے بذات خود پیپلزپارٹی میں تاحال شمولیت اختیار نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آزادکشمیر کے بیٹے یاسر سلطان نے پی پی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، صدر آزادکشمیر کے بیٹے یاسر سلطان رکن آزادکشمیر اسمبلی ہیں، بیرسٹر سلطان گروپ کو آزادکشمیر کابینہ میں بھی شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم
واضح رہے کہ ان دنوں آزاد کشمیر میں سیاسی درجہ حرارت بلندیوں کو چھو رہا ہے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھی مستعفی ہونے کے بجائے تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری انوارالحق کسی صورت مستعفی نہیں ہوں گے، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے۔