9 مئی مقدمات: سابق صدر پی ٹی آئی گجرات سمیت تمام 30 ملزمان بری
انسداد دہشت گردی عدالت گجرات نے 9 مئی مقدمات میں تمام ملزمان کو بری کردیا۔
فائل فوٹو
گجرات: (سنو نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت گجرات نے 9 مئی مقدمات میں تمام ملزمان کو بری کردیا۔

گجرات کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی مقدمات کی سماعت ہوئی، سپریم کونسل شمشاد اللہ ملہی کے دلائل سننے کے بعد جج تہذیب الحسن نے سابق ایم پی اے سلیم سرور جوڑا سمیت 30 ملزمان کو بری کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ مقدمہ بے بنیاد اور شواہد ناکافی ہونے پر سارے ملزمان کو بری کیا گیا، استغاثہ کوئی ٹھوس ثبوت یا آزاد گواہ پیش نہیں کر سکا، گجرات پولیس نے کسی مقامی گواہ کا بیان ریکارڈ نہیں کیا۔

عدالت کی جانب سے تمام ملزمان کو دفعہ 249 اے کے تحت باعزت بری کرنے کا حکم کا فیصلہ سنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق ایم پی اے سلیم سرور جوڑا سمیت 30 کے قریب ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، تھانہ اے ڈویژن میں مقدمہ نمبر 108/23 درج کیا گیا تھا،مقدمہ میں ساؤنڈ ایکٹ سمیت 7 دفعات شامل کی گئی تھیں۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطہ عدالت سے گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی جانب ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے کیے گئے تھے۔

ان پرتشدد مظاہروں کے دوران احتجاجی مظاہرین کی جانب سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس پر عمران خان سمیت تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان پر مقدمات کا اندراج کیا گیا تھا۔