تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ڈرائیونگ لائسنس کو تجدید شدہ اور درست رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بغیر لائسنس کے موٹر سائیکل چلانے والوں پر20 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا، تمام چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کے لیے رفتار کی حد60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ حد سے تجاوز کرنے والوں کو اسپیڈنگ ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔
مزید یہ کہ فیس لیس ای چالان نظام کا نفاذ شروع کر دیا گیا ہے۔ نظام کے پہلے ہی دن صرف چھ گھنٹوں میں 6 ہزار 6 سو 22 الیکٹرانک چالان جاری کیے گئے جن کی مجموعی رقم1 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زیادہ تھی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کی جانب سے عوامی اقلیتی کارڈ کے اجرا کا اعلان
محمد شاہ کے مطابق اگرچہ نظام میں تکنیکی بہتری لائی گئی ہے لیکن پہلے ہی دن بڑی تعداد میں خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ تر چالان سیٹ بیلٹ نہ پہننے (1,535)، بغیر ہیلمٹ کے سواری (507)، رفتار سے تجاوز (419)، سرخ بتی توڑنے (166) اور لین کی خلاف ورزی پر3 کیے گئے۔
نیا نظام پولیس اہلکاروں اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطہ کم کرنے اور ٹریفک قوانین کے نفاذ میں شفافیت اور کارکردگی بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔