سہیل آفریدی کا عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کا فیصلہ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم توہین عدالت کی درخواست دائر کررہے ہیں کیونکہ تین ججز کی حکم عدولی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کی سپریم کورٹ میں شنوائی نہیں ہو رہی، ہم عدالت عظمیٰ سے کہہ رہے ہیں کہ ہمارے وکلاء سب آپ کے ساتھ کھڑے ہیں آپ آئین کی بالادستی قائم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انصاف نہیں ہورہا ، ہمارا خیال ہے جس دن انصاف ہوگا بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر ہوں گے، ججز نے تو خود خط کے ذریعے فیصلوں میں مداخلت کی شکایت کی ہے، ہم ججز سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں جمہوریت ہے اور جمہوریت میں طاقت کا سر چشمہ عوام ہوتے ہیں، ججز ان لوگوں کے نام بتائیں جو فیصلوں میں مداخلت کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کیسز، عدالت نے عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا

سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر مجھے بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ مجھے عمران خان کے پیغامات نہیں مل رہے۔

کابینہ کی تشکیل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ مجھے میرے قائد سے ملنے کیوں نہیں دیا جارہا؟ جبکہ میں عوام کے مینڈیٹ سے یہاں پہنچا ہوں۔