مری میں قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن، ناجائز تعمیر شدہ پلازے وعمارتیں مسمار
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مری میں جنگلات کی زمین پر ناجائز قبضے کے خلاف سخت آپریشن جاری ہے۔
فائل فوٹو
مری: (فیصل خان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مری میں جنگلات کی زمین پر ناجائز قبضے کے خلاف سخت آپریشن جاری ہے۔

محکمہ جنگلات نے آج ضلعی انتظامیہ کی مدد گرینڈ آپریشن کیا اور پنڈی پوائنٹ پر ناجائز تعمیر شدہ پلازہ اور دیگر عمارتیں مسمار کردیں، 2010 میں مری فاریسٹ ڈویژن کی حد بندی کے باوجود جنگل کی زمین پر غیر قانونی تعمیرات کی گئی تھیں۔

محکمہ جنگلات مری کے بار بار خبردار کرنے کے باوجود غیر قانونی تعمیرات کی گئیں،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر صوبہ بھر میں ناجائز تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔

حکام کے مطابق مری میں اب تک جنگلات کی بڑے پیمانے پر اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی جا چکی ہے، حال ہی میں مری میں جنگل کی زمین پر غیر قانونی تعمیر شدہ دیوار بھی گرا دی گئی تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری میں ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی پر افسران اور عملے کو شاباش دی۔

یہ بھی پڑھیں: مری فاریسٹ ڈویژن کی کارروائی، 200 کنال سرکاری اراضی واگزار

ترجمان محکمہ جنگلات نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرا کے جنگلاتی علاقے بحال کر دیے گئے ہیں جو کہ ماحولیاتی نظام کی بحالی میں اہم پیشرفت ہے ، جنگلاتی اراضی کی واگزاری سموگ کے خاتمے اور ماحولیاتی توازن کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات کی حفاظت صرف زمین بچانا نہیں بلکہ عوام کی صحت اور ماحول کے تحفظ کی ضمانت ہے، محکمہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت جنگلات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ زمینوں کی واگزاری ماحولیاتی تحفظ اور سموگ کے خاتمے کی سمت میں اہم قدم ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر ایسے آپریشنز تسلسل سے جاری رہیں گے۔