مری: فاریسٹ ڈویژن کی کارروائی، 200 کنال سرکاری اراضی واگزار
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پردرختوں کے تحفظ اور انسداد سموگ کے لیے محکمہ جنگلات کی مری میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔
قبضہ مافیا کیخلاف مری میں کارروائی کے دوران کی فوٹو
مری: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پردرختوں کے تحفظ اور انسداد سموگ کے لیے محکمہ جنگلات کی مری میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان محکمہ جنگلات کے مطابق مری میں محکمہ جنگلات، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ کارروائی کے دوران 200 کنال قیمتی سرکاری زمین واگزار کرا لی۔

کارروائی کے دوران کمرشل عمارتیں، دیواریں اور غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں، فاریسٹ ڈویژن نے بھاری مشینری سے کارروائی مکمل کی، آپریشن میں 120 فاریسٹ افسران اور گارڈز نے حصہ لیا، مری میں اینٹی انکروچمنٹ مہم میں تیزی آگئی۔

ترجمان نے بتایا کہ قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرا کے جنگلاتی علاقے بحال کر دیے گئے ہیں جو کہ ماحولیاتی نظام کی بحالی میں اہم پیشرفت ہے ، جنگلاتی اراضی کی واگزاری سموگ کے خاتمے اور ماحولیاتی توازن کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

انہوں نے کہا کہ جنگلات کی حفاظت صرف زمین بچانا نہیں بلکہ عوام کی صحت اور ماحول کے تحفظ کی ضمانت ہے، محکمہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت جنگلات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ زمینوں کی واگزاری ماحولیاتی تحفظ اور سموگ کے خاتمے کی سمت میں اہم قدم ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر ایسے آپریشنز تسلسل سے جاری رہیں گے۔