ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
Pakistan weather forecast
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کردی۔

لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ فضائی آلودگی نے شہریوں کیلئے صورتحال مزید پریشان کن بنا دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور مطلع صاف رہے گا۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 جبکہ کم سے کم 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں 2 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

فضائی آلودگی کے لحاظ سے لاہور بدستور خطرناک حد تک متاثر ہے، جہاں اے کیو آئی 290 تک پہنچ گیا۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل میں 762، سید مراتب علی روڈ پر 531، اے سی شالیمار آفس کے اطراف میں 517، گلبرگ تین میں 485 جبکہ شادمان مارکیٹ میں 459 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب کراچی میں موسم گرم اور خشک رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ مشرقی سمت سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اے کیو آئی کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں نویں نمبر پر ہے، جہاں ہوا میں آلودگی کے ذرات 122 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کیے گئے۔

اسلام آباد میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہے گا، درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور فضائی آلودگی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔