سنگجانی جلسہ کیس: اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع
انسداد دہشت گردی عدالت نے سنگجانی جلسہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے سنگجانی جلسہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس پر سماعت کی۔

دوران سماعت اسد قیصر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر آج بھی دلائل نہ ہو سکے، عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کردی اور پولیس کو متعلقہ مقدمہ میں اسد قیصر کی گرفتاری سے روک دیا۔

بعدازاں عدالت نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر مزید سماعت 17 نومبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر کیخلاف تھانہ سنگجانی میں مقدمہ درج ہے، اسد قیصر پر سنگجانی جلسہ کے موقع پر پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے اور توڑ پھوڑ کا الزام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے 9 وزرا سمیت 10 ارکان پیپلز پارٹی میں شامل

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی سینیٹر اعظم خان سواتی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی ہدایت کردی۔

انسدادد ہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ہی اعظم سواتی کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت اعظم سواتی نے عدالت کو بتایا کہ جب مقدمہ درج کیا گیا تھا تب میں جیل میں موجود تھا، مجھے بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے نام بلاک لسٹ میں ڈالا گیا تھا۔

بعدازاں عدالت نے متعلقہ حکام کو اعظم سواتی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی ہدایت کردی۔