پی ٹی آئی کے 9 وزرا سمیت 10 ارکان پیپلز پارٹی میں شامل
Azad Kashmir politics
فائل فوٹو
مظفر آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد کشمیر کے فارورڈ بلاک سے تعلق رکھنے والے 9 وزرا اور ایک اہم رہنما نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، جس کے بعد پیپلز پارٹی کے ارکانِ اسمبلی کی تعداد 27 تک پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد کشمیر کے 5 وزرا نے گزشتہ روز اسلام آباد میں فریال تالپور اور چوہدری ریاض سے ملاقات کی، جس کے دوران انہوں نے باضابطہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

شامل ہونے والے وزرا میں چوہدری یاسر، محمد حسین، چوہدری محمد اخلاق، چوہدری ارشد اور چوہدری محمد رشید شامل ہیں۔

بعد ازاں فارورڈ بلاک کے مزید چار وزرا نے بھی فریال تالپور سے ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا، ان رہنماؤں میں فہیم اختر ربانی، عبدالماجد خان، محمد اکبر ابراہیم اور عاصم شریف بٹ شامل ہیں۔

اس موقع پر فریال تالپور نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کی سچی نمائندہ رہی ہے، پارٹی عوام کے سیاسی و معاشی حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے وزیرِ ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے فریال تالپور اور چوہدری ریاض سے ملاقات میں پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، جس کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 27 ہو گئی جو حکومت سازی کیلئے درکار حد ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ضمنی انتخابات، پی ٹی آئی سے مقابلے کیلئے ن لیگی امیدواروں کا اعلان

 

پارٹی ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ نئی حکومت مسلم لیگ ن کی حمایت کے بغیر بنائی جائے گی، اس حوالے سے آج رات 10 بجے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں فریال تالپور کی جانب سے ڈنر دیا جائے گا، جس میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی، مہاجرین نشستوں کے ارکان اور بیرسٹر سلطان گروپ کے نمائندے شریک ہوں گے۔

اطلاعات کے مطابق بیرسٹر سلطان گروپ نے بھی فریال تالپور کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ بیرسٹر سلطان گروپ کے 5 ارکان اور مہاجرین نشستوں کے 5 ارکان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، جبکہ دو ارکان کی حمایت خفیہ رکھی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں دھڑوں کی شمولیت کے بعد پیپلز پارٹی کو 30 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہوچکی ہے، جس سے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں تحریکِ عدم اعتماد لانے اور حکومت بنانے کی منظوری دی تھی۔