پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بتایا گیا کہ فتنہ الخوارج کے دو بڑے گروہ پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے ، مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 25 دہشتگرد جہنم واصل کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک آپریشن اسپین وام شمالی وزیرستان میں ہوا جہاں 15 خوارج مارے گئے، مارے جانے والے دہشتگردوں میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے ۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک اور کارروائی کے دوران گھاکی کرم میں دراندازی کی کوشش کرنے والے 10 خوارج ہلاک ہوئے، مارے گئے دہشتگردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوئے، شہداء میں حوالدار منظور حسین، سپاہی نعمان الیاس، سپاہی محمد عدیل، سپاہی شاہ جہاں اور سپاہی علی اصغر شامل ہیں، شہداء نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر جان نثار کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ دراندازی کی یہ کوششیں اس وقت کی گئیں جب پاکستان اور افغانستان کے وفود ترکی میں مذاکرات کر رہے ہیں، دراندازی کی اس کوشش سے افغان عبوری حکومت کے ارادوں پر سوالات اٹھنے لگے۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 بھارتی سپانسرڈ خارجی دہشت گرد جہنم واصل
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ اور دوحہ معاہدے پر عملدرآمد کا مطالبہ دہرایا ہے، علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے، "عزمِ استحکام" کے تحت دہشتگردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان اور ضلع کرم میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 25 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے ان آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کا کامیابی سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 5 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اورشہداء کی بلندی درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔