آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پروکسی فتن الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی فورسز اور خارجی دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 8 بھارتی سپانسرڈ خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نیوی نے بحیرہ عرب میں تقریباً 1 ارب ڈالر کی منشیات پکڑ لی
یاد رہے مارے جانے والے خارجی دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور شہری ہلاکت میں ملوث تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی آپریشن میں 8 بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت ملک سے دہشتگردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ دیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے خواہشمند عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔