پاکستان نیوی نے ایک اور تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بحیرہ عرب میں منشیات کی بھاری کھیپ پکڑ لی، جس کی مالیت تقریباً 97 کروڑ 24 لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔ یہ آپریشن نہ صرف پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے بلکہ عالمی سطح پر انسدادِ منشیات کے اقدامات میں پاکستان کے فعال کردار کو بھی نمایاں کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سے جنگ نہیں ہونی چاہیے، ٹرمپ کا مودی کو پیغام
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، یہ کارروائی سعودی قیادت میں قائم مشترکہ ٹاسک فورس 150 کے تحت کی گئی، جس میں پاکستان نیوی کے بحری جہاز پی این ایس یرموک (PNS Yarmook) نے مرکزی کردار ادا کیا۔ رپورٹ کے مطابق، محض 48 گھنٹوں کے دوران دو مشتبہ کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا جن سے مجموعی طور پر دو ٹن کرسٹل میتھ، 350 کلو گرام آئس اور 50 کلو گرام کوکین برآمد کی گئی۔
یہ کارروائی بین الاقوامی پانیوں میں اس وقت کی گئی جب پاکستان نیوی کے جوانوں نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو مشکوک کشتیوں کا پیچھا کیا۔ دونوں کشتیوں کی تلاشی کے دوران منشیات کے پیکٹس چھپانے کے جدید طریقے استعمال کیے گئے تھے، تاہم نیوی اہلکاروں نے اپنی تربیت اور مہارت کے بل بوتے پر انہیں برآمد کر لیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے اس کامیاب آپریشن پر پاک بحریہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ سینٹ کام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ “پاکستان نیوی نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کی، جو عالمی سطح پر انسدادِ منشیات کے لیے ایک مؤثر تعاون کی مثال ہے۔”
واضح رہے کہ پاکستان نیوی گزشتہ کئی برسوں سے مختلف بین الاقوامی آپریشنز میں حصہ لے رہی ہے اور اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر بھاری مقدار میں منشیات، غیر قانونی ہتھیار اور ممنوعہ اشیا پکڑ چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق، یہ کامیابی خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی ساکھ اور عالمی شراکت داری کو مزید تقویت دے گی۔