پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اگلے سات دنوں کے اندر ایم ڈی کیٹ 2025 کے نتائج کا اعلان باضابطہ طور پراپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گا۔ ہزاروں امیدوار جو 26 اکتوبر کو ملک بھر میں ہونے والے امتحان میں شامل ہوئے، اپنے ممکنہ اسکور کا اندازہ لگانے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
جوابی شیٹ طلبہ کو فائنل نتائج سے پہلے اپنی کارکردگی جانچنے میں مدد دیتی ہے۔ طلبہ اپنے جوابات ملا کر اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ ایم بی بی ایس یا بی ڈی ایس داخلے کے لیے درکار میرٹ رینج میں آتے ہیں یا نہیں۔
جوابی شیٹ میں تمام مضامین کے درست جوابات شامل ہوں گے جیسے کہ بائیولوجی، کیمسٹری، فزکس، انگلش اور لاجیکل ریزننگ وغیرہ۔ ہر طالب علم کو اپنے مخصوص بُکلیٹ کوڈ (A, B, C, D) کے مطابق جوابی شیٹ ڈاؤن لوڈ کرنا ضروری ہے تاکہ درست اسکور معلوم ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: سردیوں میں اسکولوں کے نئے اوقات کار جاری
پی ایم ڈی سی نے مختلف کاغذ کے رنگوں میں جوابی شیٹ فراہم کی ہیں جیسے نیلا، گلابی، سفید، سبز، اور پیلا رنگ ، طلبہ آسانی سے PDF فائل ڈاؤن لوڈ کر کے پرنٹ کر سکتے ہیں اور اپنے جوابات کی جانچ کر سکتے ہیں۔ ایم ڈی کیٹ اسکور چیک کا طریقہ:
- ایم ڈی کیٹ جوابی شیٹPDF ڈاؤن لوڈ کریں
- اپنا بُکلیٹ کوڈ منتخب کریں (A, B, C D)
- ہر سوال کو جوابی شیٹ سے ملا کر چیک کریں
- درست جوابات کی تعداد گنیں
- چونکہ منفی مارکنگ نہیں ہے اس لیے درست جوابات = آپ کا اسکور
- کل نمبر نوٹ کریں اور گزشتہ سال کے میرٹ ٹرینڈ سے موازنہ کریں
یاد رہے کہ حتمی ایم ڈی کیٹ 2025 کے نتائج مکمل تصدیق اور پیپر چیکنگ کے بعد جاری کیے جائیں گے۔ باضابطہ نتائج آن لائن پی ایم ڈی سی کے رزلٹ پورٹل پر دستیاب ہوں گے جہاں طلبہ نتائج کارڈز اور مضامین کے حساب سے نمبر ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ حتمی نتائج کے اعلان کے بعد پاکستان بھر میں میڈیکل یونیورسٹیوں میں داخلے کھول دیے جائیں گے۔