پارٹی رہنماؤں کے مطابق اس تاریخی جرگے کا مقصد تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہے تاکہ صوبے میں امن کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی تشکیل دی جا سکے۔
وزیرِاعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہونے والے اہم اجلاس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، صوبائی صدر جنید اکبر، اسد قیصر سمیت پارٹی کے دیگر سینیئر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے کی امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا کہ امن جرگے میں سابق وزرائے اعلیٰ، گورنرز، علمائے کرام، جرگہ مشران، وکلاء، سول سوسائٹی اور دیگر اہم شخصیات کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:مظفر آباد: پیپلز پارٹی کا 72 گھنٹے میں نئی حکومت بنانے کا اعلان
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ صوبے میں امن بحال رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیس کو جدید آلات، تربیت اور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہر ضلع میں بھی امن جرگے منعقد کیے جائیں گے تاکہ نچلی سطح تک اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیش نظر ایک مثبت اور بروقت پیش رفت ہے جو وسیع تر سیاسی اتفاق رائے کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔