مظفر آباد: پیپلز پارٹی کا 72 گھنٹے میں نئی حکومت بنانے کا اعلان
Azad Kashmir politics
فائل فوٹو
مظفر آباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 72 گھنٹوں کے اندر تحریکِ عدم اعتماد لانے اور اپنی حکومت بنانے کا اعلان کر دیا۔

پارٹی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ اُن کے پاس مطلوبہ نمبرز پورے ہیں اور کسی بھی وقت نیا وزیرِاعظم سامنے آسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے عہدے کیلئے تین مضبوط امیدواروں کے نام تجویز کیے ہیں جن میں چوہدری یاسین، سردار یعقوب اور چوہدری لطیف اکبر شامل ہیں۔ پارٹی قیادت ان ناموں پر غور کر رہی ہے اور آئندہ چند دنوں میں حتمی امیدوار کا اعلان متوقع ہے۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے ایوانِ صدر میں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعظم مستعفی نہ ہوئے تو پارٹی کے پاس تحریکِ عدم اعتماد لانے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع

 

 

اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر منگل کو دوبارہ اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

دوسری جانب مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئی تو آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی یقینی نظر آتی ہے۔

تاہم حتمی فیصلہ اگلے 72 گھنٹوں میں ہونے والا ہے جس پر سب کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔