تفصیلات کے مطابق بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں پاپو ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 26 نومبر 2022 کو اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران مختلف نوعیت کی خلاف ورزیاں ہوئیں جن میں اشتعال انگیز تقاریر، عوامی نظم و ضبط میں خلل ڈالنے اور سڑکوں کی بندش جیسے الزامات شامل کیے گئے۔ پولیس کے مطابق اس موقع پر پارٹی رہنماؤں کے احکامات پر کارکنوں نے رکاوٹیں کھڑی کیں اور احتجاج کو قابو سے باہر ہونے دیا گیا، جس کے نتیجے میں مقدمہ درج کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
بشریٰ بی بی نے اپنے وکیل کے توسط سے عدالت میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کر رکھی ہے۔ عدالت نے قبل ازیں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 26 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت دی تھی، تاہم جج کی غیر موجودگی کے باعث کارروائی نہ ہو سکی اور عدالت نے ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع کر دی۔
ذرائع کے مطابق مقدمے میں بشریٰ بی بی کے علاوہ تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی نامزد ہیں، تاہم بعض ملزمان نے ضمانت حاصل کر رکھی ہے جبکہ کچھ کی درخواستیں زیرِ التواء ہیں۔