لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ میں اضافے کا خدشہ
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت وسطی پنجاب کے مختلف شہروں پر سموگ کے سائے منڈلانے لگے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت وسطی پنجاب کے مختلف شہروں پر سموگ کے سائے منڈلانے لگے۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق بھارت سے آنے والی آلودہ ہواؤں نے وسطی پنجاب کی فضا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، لاہورمیں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی ) 220 سے 240 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق اے کیوآئی میں اضافے کی وجہ یہ ہے کہ وقتی طور ہواؤں کا رخ لاہور کی جانب ہے ، بھارتی شہر لدھیانہ، جالندھر اور ہریانہ کے صنعتی و زرعی علاقوں سے اٹھنے والا دھواں لاہور، فیصل آباد اور شیخوپورہ تک پہنچا۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کا بتانا ہے کہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے سے سموگ کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، بھٹوں، فیکٹریوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جارہے ہیں، محکمہ تحفظ ماحولیات اور فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی فیلڈ ٹیمیں 24 گھنٹے متحرک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور فضائی آلودگی میں سب ممالک کو پیچھے چھوڑ گیا

حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں فصلوں کی باقیات کو جلانے پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ عوام صبح اور شام کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں ، فصلوں کی باقیات جلانے کی شکایت فوری طور پر متعلقہ محکمے کو رپورٹ کریں۔