
اسلام آباد میں تقریب نکاح انتہائی سادہ ماحول میں منعقد ہوئی جس میں محدود مہمانوں کو مدعو کیا گیا۔ مولانا شیرانی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ نکاح کی تقریب میں صرف چند گواہان اور دوست شریک ہوئے۔ شادی کے موقع پر علما اور دینی حلقوں کی جانب سے مولانا شیرانی کو مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے۔
مولانا محمد خان شیرانی نے اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "یہ میرا دوسرا نکاح ہے، میری پہلی بیوی کا کچھ عرصہ قبل انتقال ہوگیا تھا"۔ انہوں نے کہا کہ یہ نکاح شریعت کے مطابق ہوا ہے اور وہ اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کی دعاؤں کے طالب ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کرانے کی ہدایت
مولانا شیرانی کا شمار پاکستان کے ممتاز دینی علما میں ہوتا ہے۔ وہ طویل عرصے تک جمعیت علمائے اسلام (ف) سے وابستہ رہے اور بعدازاں اپنی علیحدہ سیاسی راہ اختیار کی۔ وہ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے مختلف مذہبی و سماجی امور پر اپنی رائے دی اور کئی اہم سفارشات مرتب کیں۔
ان کی دوسری شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ کئی صارفین نے ان کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ کچھ نے اسے ان کی مضبوط صحت اور زندگی سے وابستگی کی علامت قرار دیا۔
واضح رہے کہ مولانا محمد خان شیرانی مذہبی و فکری حلقوں میں ایک متوازن اور اعتدال پسند عالم کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان کی حالیہ شادی نے نہ صرف ان کے چاہنے والوں کو حیران کیا بلکہ عوامی دلچسپی کا باعث بھی بنی ہے۔ ان کی یہ ازدواجی زندگی دینی اور سماجی اعتبار سے ایک مثبت مثال کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔



