جمادی الاوّل کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو نے پیشگوئی کردی
سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ملک میں جمادی الاوّل کا چاند نظر آنے کے حوالے سے اہم پیشگوئی کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ملک میں جمادی الاوّل کا چاند نظر آنے کے حوالے سے اہم پیشگوئی کردی۔

سپارکو کے مطابق اسلامی مہینے جمادی الاوّل 1447 ہجری کا نیا چاند 21 اکتوبر 2025 کی شام 5 بج کر 25 منٹ پر طلوع ہو گا،23 اکتوبر کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 48 گھنٹے 54 منٹ ہو گی۔

ترجمان سپارکو نے بتایا کہ 23 اکتوبر کی شام ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان وقفہ 56 منٹ متوقع ہے،فلکیاتی اندازوں کے مطابق 23 اکتوبر کی شام چاند نظر آنے کے بہت اچھے امکانات ہیں۔

سپارکو کے مطابق مطلع صاف ہونے کی صورت میں چاند بآسانی دکھائی دے سکتا ہے، امکان ہے کہ جمادی الاوّل کی پہلی تاریخ 24 اکتوبر 2025 کو ہو گی تاہم اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی،رویتِ ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول شہادتوں کی بنیاد پر چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد

ذرائع کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 23 اکتوبر کو طلب کیے جانے کا امکان ہے جس کی سربراہی چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے جبکہ زونل ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے شہروں میں منعقد کیے جائیں گے۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد 23 اکتوبر کو جمادی الاوّل کا چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق حتمی اعلان کریں گے۔