محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد
Mahmood Khan Achakzai opposition leader
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کر دیا گیا۔

اپوزیشن جماعتوں نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر درخواست سیکرٹری قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع کرا دی ہے۔

درخواست چیف وہپ عامر ڈوگر، اسد قیصر اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے جمع کرائی، جس پر اپوزیشن کے 74 ارکانِ اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔

اپوزیشن ارکان نے متفقہ طور پر محمود خان اچکزئی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایوان میں اپوزیشن کی مؤثر نمائندگی کریں گے اور عوامی مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تین ارکان، علی افضل ساہی، عمر فاروق اور صاحبزادہ محبوب سلطان ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے درخواست پر دستخط نہیں کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں:علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اسپیشل سیکرٹری نے اپوزیشن کی درخواست موصول کر لی، جبکہ ایڈوائزر آفس نے اسے باضابطہ طور پر ڈائری نمبر بھی الاٹ کر دیا ہے۔

پارلیمانی حلقوں کے مطابق محمود خان اچکزئی کا اپوزیشن لیڈر بننا اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد اور پارلیمانی کردار کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ایوان میں حکومت کے اقدامات پر مؤثر اور مدلل اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔