الخدمت کیجانب سے دیوالی پر 1400 ہندو خاندانوں میں تحائف تقسیم
 الخدمت فاؤنڈیشن نے دیوالی کی مناسبت سے 1400 ہندو خاندانوں میں تحائف تقسیم کر دیے۔
فوٹو بشکریہ الخدمت فاؤنڈیشن میڈیا سیل
لاہور: (ویب ڈیسک) الخدمت فاؤنڈیشن نے دیوالی کی مناسبت سے 1400 ہندو خاندانوں میں تحائف تقسیم کر دیے۔

ترجمان الخدمت فاؤنڈیشن کے مطابق دیوالی کی مناسبت سے مظفر گڑھ، بہاولپور، رحیم یار خان، سانگھڑ، گھوٹکی اور تھرپارکر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، ان تقریبات میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدور ذکراللہ مجاہد، سید احسان اللہ وقاص اور ہندو برادری سے ڈاکٹر شنکر لال نے شرکت کی۔

انہوں نے بتایا کہ تقریبات کے دوران 1400 ہندو خاندانوں میں راشن بیگز، مچھر دانیاں، ہائی جین کٹس اور جوتے تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن زکر اللہ مجاہد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے، پاکستان میں رہنے والے ہندو محب وطن ہیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یوم اقبال پر عام تعطیل کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے کا مقصد بین المذاہب یکجہتی اور مثبت روایات کو فروغ دینا ہے، الخدمت اب تک 45 ہزار سے زائد خاندانوں میں دیوالی اور کرسمس کے تحائف تقسیم کر چکی ہے۔

نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے معاشرے میں فرقہ واریت، تعصب اور نفرت کے بجائے باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح عیدین کے مواقع پر مسلمانوں میں تحائف تقسیم کیے جاتے ہیں اسی طرح دیوالی اور کرسمس کے موقع پر بھی تقسیم کیے جاتے ہیں۔

اِس موقع پر ڈاکٹر شنکر لال نے ہندو برادری کی جانب سے الخدمت کا شکریہ ادا کیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کی انسانیت کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔