یوم اقبال پر عام تعطیل کا اعلان
November 9 public holiday
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومتِ پاکستان نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کی ولادت کے موقع پر 9 نومبر 2025ء بروز ہفتہ ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام وفاقی و صوبائی سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور سرکاری محکمے اس روز بند رہیں گے۔

یہ تعطیل یومِ اقبال کے طور پر منائی جائے گی تاکہ قوم اپنے عظیم شاعر، مفکر اور فلسفی علامہ اقبالؒ کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کر سکے۔ اس سال 9 نومبر ہفتے کے روز آ رہا ہے، جس کے بعد اتوار کی معمول کی چھٹی ہوگی، یوں عوام کو دو روزہ تفریحی وقفہ میسر آئے گا۔

یومِ اقبال کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تعلیمی و ثقافتی تقریبات، مشاعرے، سیمینارز اور خصوصی نشستیں منعقد کی جائیں گی جن میں علامہ اقبال کے فلسفۂ خودی، قومی بیداری اور اسلامی فکر پر روشنی ڈالی جائے گی۔

علامہ محمد اقبالؒ (1877–1938) نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی اور خودی کا شعور اجاگر کیا۔ ان کے افکار نے پاکستان کے قیام کی فکری بنیاد رکھی۔

یہ بھی پڑھیں:نادرا نے اسلحہ لائسنس کی تجدید گھر بیٹھے ممکن بنا دی

حکومت کا کہنا ہے کہ یومِ اقبال قوم کیلئے اپنی فکری اور اخلاقی اساس کو ازسرِنو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیا کہ عوام اس دن کو قومی وحدت، شعور اور خودی کے پیغام کے ساتھ منائیں تاکہ نئی نسل اقبالؒ کے نظریات کو عملی زندگی میں اپنا سکے۔