
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سہیل آفریدی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مفاد میں وفاق آپ کے ساتھ مل کر چلنے کو تیار ہے۔
دوسری جانب نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہ ملی اور انہیں داہگل ناکہ سے واپس لوٹنا پڑا۔
اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ آج یہاں اپنے لیڈر سے ملاقات کیلئے آئے، کل پنجاب اور وفاقی حکومت کو بتا دیا گیا تھا مگر انہوں نے کوئی رسپانس نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے مبارکباد دی ان کا شکریہ ، عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے وزیراعظم سے بھی کہا ہے لیکن کوئی جواب نہیں آیا، پی ٹی آئی ہمیشہ احتجاج کرتی آئی ہے اور یہ راستے کھلے ہیں، ہم تمام طریقے آزمائے چکے ایک بار پھر آزمائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کو بانی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی تو سپریم کورٹ جائینگے، پی ٹی آئی
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے اس کے بعد کچھ اور ہے، اپنی کابینہ کے حوالے سے بانی سے ملاقات کے بعد بتاوں گا۔
خیال رہے کہ سہیل خان آفریدی نے گزشتہ روز ہی خیبرپختونخوا کی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالا ہے، گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سہیل خان آفریدی سے عہدے کا حلف لیا، سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے 30 وزیر اعلیٰ ہیں۔
یاد رہے کہ 8 اکتوبر کو علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دیا تھا، سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹائے جانے کی تصدیق کی تھی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سہیل خان آفریدی کو خیبرپختونخوا کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا تھا۔



