
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 13 تا 15 اکتوبر خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف متعدد کاروائیاں کیں، سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں میں 34 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں خفیہ اطلاع پر آپریشن میں 18 خوارج واصلِ جہنم ہوئے جبکہ ایک اور آپریشن میں جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 8 دہشتگرد مارے گئے۔ بنوں میں جھڑپ کے دوران مزید 8 خوارج انجام کو پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی قندھار اور کابل میں کارروائی، کامیابی سے اہداف کو نشانہ بنایا
آئی ایس پی آر نے کہا کہ عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں، ملکی سلامتی کیلئے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھرپور عزم ہے، فتنتہ الخوارج کے خاتمے کے لیے سینٹائزیشن آپریشن جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز "عزم استحکام" کے تحت دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، عزم استحکام کے تحت انسداد دہشتگردی کی کاروائیوں کی منظوری نیشنل ایکشن پلان پر قائم وفاقی اپیکس کمیٹی نے دی تھی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، اسپن وام، جنوبی وزیرستان اور بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے 34 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو جہنم رسید کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا، پاکستانی عوام کی حفاظت اور ملکی سالمیت کی خاطر دہشتگردی کے خلاف تمام ممکن اقدامات لیے جائیں گے، ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشتگردی مہم مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی، حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔



