پاکستان کی قندھار اور کابل میں کارروائی، کامیابی سے اہداف کو نشانہ بنایا
پاکستانی فورسز نے افغانستان کے صوبہ قندھار اور کابل میں افغان طالبان اور خوارجین کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) پاکستانی فورسز نے افغانستان کے صوبہ قندھار اور کابل میں افغان طالبان اور خوارجین کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کے صوبہ قندھار اور کابل میں ٹارگٹڈ کارروائیاں خالصتاً افغان طالبان اور خوارجین کے ٹھکانوں پر کیں،پاک فوج نے قندھار میں افغان طالبان بٹالین ہیڈکوارٹرنمبر 4، 8 بٹالین اور بارڈر بریگیڈ نمبر 5 کے اہداف کو نشانہ بنایا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ تمام اہداف باریک بینی سے منتخب کئے گئے جو شہری آبادی سے الگ تھلگ تھے اور کامیابی سے تباہ کئے گئے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کابل میں فتنہ الہندوستان کے مرکز اور لیڈرشپ کو نشانہ بنایا گیا ، پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے افغان طالبان رجیم کی درخواست پر آئندہ 48 گھنٹوں کے لیے سیز فائر کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فورسز کی کارروائی، 20 طالبان ہلاک، متعدد زخمی

دفترخارجہ پاکستان کے مطابق پاکستانی حکومت اور افغان طالبان رجیم کے درمیان طالبان کی درخواست پر دونوں کی باہمی رضامندی سے آج شام چھ بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کیلئے عارضی طور پر سیز فائر کا فیصلہ ہوا ہے ۔

وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا کہ اس دوران دونوں اطراف تعمیری بات چیت کے ذریعے اس پیچیدہ مگر قابل حل مسئلے کا مثبت حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش کی جائیں گی۔

قبل ازیں سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی سپن بولدک چمن سیکٹر میں بھرپور جوابی کارروائی کے بعد افغان طالبان نے جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔