
آئی ایس پی آر کے مطابق 15 اکتوبرکی صبح افغان طالبان کا اسپن بولدک علاقے میں چار مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا، جس پر پاکستانی افواج نے افغان طالبان کے حملے کو مؤثر طریقے سے پسپا کر دیا، پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں 15 سے 20 افغان طالبان ہلاک کر دیئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی فائرنگ، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی
آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان نے اپنی جانب موجود پاک افغان دوستی دروازہ بھی تباہ کر دیا، بدقسمتی سے یہ حملہ اس علاقے کے منقسم دیہات کے ذریعے کیا گیا، عام شہریوں کی جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں کی گئی، سپن بولدک میں حملہ محض ایک واقعہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 14/15 اکتوبر کی شب کرم سیکٹر خیبرپختونخوا میں بھی حملے کی کوشش کی گئی، پاکستانی چوکیوں پر حملے کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا گیا، جوابی کارروائی میں 8 افغان پوسٹس اور 6 ٹینک تباہ ہوئے، 25 سے 30 افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی ہلاکت کا امکان ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ طالبان کا پاکستان پر حملہ شروع کرنے کا الزام بے بنیاد اور جھوٹا ہے، پاکستانی چوکی یا سامان پر قبضے کے دعوے پروپیگنڈا ہیں، پاک فوج ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے، قومی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کے دفاع کے لیے افواج پاکستان پرعزم ہیں۔



