خیبرپختونخوا کابینہ کی تشکیل، کون کون شامل؟ نام سامنے آگئے
KP cabinet formation
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی نے صوبے کے 30ویں چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

اب صوبائی سیاست میں اگلا اہم مرحلہ کابینہ کی تشکیل کا ہے، جس کیلئے پرانے تجربہ کار رہنماؤں کے ساتھ ساتھ نئے چہروں کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نئی کابینہ میں صوبے کے 7 ریجنز کو نمائندگی دی جائے گی جبکہ خواتین کو بھی اہم عہدے دینے پر مشاورت جاری ہے۔ سوات، دیر اور بونیر سے نئے چہرے متوقع ہیں، جبکہ جنوبی اضلاع سے 5 ارکان کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ذرائع کے مطابق سابق مشیر بیرسٹر محمد سیف اور مزمل اسلم کابینہ کے مضبوط امیدوار ہیں۔ اسی طرح سابق صوبائی وزیر مینا خان آفریدی اور آفتاب عالم کے نام بھی زیرِ غور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ

اطلاعات کے مطابق علی امین گنڈاپور کے دور میں کابینہ سے نکالے گئے تین وزرا فیصل ترکئی، عاقب اللہ اور شکیل خان کو دوبارہ کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، سابق اسپیکر مشتاق غنی اور فضل شکور کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں، جبکہ بٹگرام سے تاج محمد ترند کو بھی اہم ذمہ داری ملنے کی توقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنی کابینہ کی حتمی منظوری کیلئے بانی چ/ئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ملاقات کریں گے۔