نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ
نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے منصب سنبھالنے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے منصب سنبھالنے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کل بروز جمعرات بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل جائیں گے جہاں ان کی سابق وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے۔

محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے وزیراعلیٰ کے دورے سے متعلق وزارت داخلہ اور پنجاب حکومت کو مراسلہ ارسال کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانے کیلئے ضروری انتظامات کیے جائیں۔

خیال رہے کہ ا س سے قبل نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے لیے آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو ہنگامی ہدایات جاری کی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کا وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہی پہلا اہم اقدام

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ نے آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو ہدایت کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے فوری انتطامات کیے جائیں ، پنجاب حکومت کو مراسلہ جاری کیا جائے کہ میری ملاقات میں حائل تمام رکاوٹیں فوری دور کی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کا وزیر اعلیٰ ہوں مختلف معاملات پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت اور ہدایت درکار ہوتی ہیں ، میرے لئے ملاقات میں جتنی آسانی پیدا کی جائے گی اتنے ہی معاملات بہتر چلیں گے۔

ذہن نشیں رہے کہ سہیل آفریدی نے آج ہی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالا ہے، علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کیا تھا۔