
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی نے پی ٹی آئی کی خاتون کارکن صنم جاوید کے معاملے کا نوٹس لے لیا، وزیر اعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا کو اپنے دفتر طلب کرلیا۔
سہیل خان آفریدی نے انسپکٹرز جنرل پولیس سے صنم جاوید کے معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کل پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے لیے بھی آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو ہنگامی ہدایات جاری کردیں۔
یہ بھی پڑھیں: نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ نے آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو ہدایت کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے فوری انتطامات کیے جائیں ، پنجاب حکومت کو مراسلہ جاری کیا جائے کہ میری ملاقات میں حائل تمام رکاوٹیں فوری دور کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کا وزیر اعلیٰ ہوں مختلف معاملات پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت اور ہدایت درکار ہوتی ہیں ، میرے لئے ملاقات میں جتنی آسانی پیدا کی جائے گی اتنے ہی معاملات بہتر چلیں گے۔
دوسری جانب سہیل آفریدی کا بطور وزیراعلیٰ چارج سنبھالنے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، محکمہ انتظامی امور خیبر پختونخوا نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا چارج سنبھالنے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
سہیل آفریدی کی جانب سے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی 34 رکنی کابینہ تحلیل کردی گئی، نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنی نئی کابینہ تشکیل دیں گے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ ابتدائی طور پر 15 رکنی کابینہ تشکیل دی جائے گی جس کا جلد اعلامیہ متوقع ہے۔



