سہیل آفریدی نے خیبر پختونخوا کی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھال لیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
فوٹو سکرین گریب
پشاور: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سہیل خان آفریدی سے عہدے کا حلف لیا، سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے 30 وزیر اعلیٰ ہیں۔

حلف برداری کی تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات، پی ٹی آئی کی مرکزی و صوبائی قیادت شریک ہوئی، اعلیٰ سرکاری حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ 

اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے جو نومنتخب وزیراعلیٰ اور بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔

یاد رہے کہ 8 اکتوبر کو علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دیا تھا، سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹائے جانے کی تصدیق کی تھی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سہیل خان آفریدی کو خیبرپختونخوا کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا تھا ۔

علی امین گنڈاپور نے اپنا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بھجوایا تھا جس کے بعد معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا تھا ، علی امین گنڈاپور نے اپنا استعفیٰ ٹائپ شدہ شکل میں گورنر کو بھجوایا، جس پر انہوں نے صرف اپنے دستخط کیے، ٹائپ شدہ استعفے پر گورنر کی جانب سے اعتراض عائد کیا گیا تھا۔