
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی بہنوں نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے پیرول پر رہا کریں تو پاکستان اور افغانستان میں امن قائم کروا سکتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: 750 روپے والے انعامی بانڈ کے قرعہ اندازی کے نتائج کا اعلان
علیمہ خان نے کہا کہ ہماری نظر میں توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی اور بشریٰ بی بی بے گناہ ثابت ہوچکے ہیں، ہمارا خیال ہے جج صاحب اب اس کیس میں فیصلہ سنانے جا رہے ہیں، 22 نومبر 2024 کو ہم نے احتجاج سے متعلق بانی کا پیغام دیا تھا اس پر اے ٹی سی پنڈی نے میرے اوپر فرد جرم عائد کردی ہے، فرد جرم پر نہ میرے دستخط ہیں نہ میرا انگوٹھا، ہم عدالت سے درخواست کرینگے کہ اس پر نظر ثانی کریں۔
نورین نیازی نے کہا کہ بانی نے لاہور میں قتل عام کی مذمت کی ہے، بانی نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد اور محسن نقوی کے خلاف تحقیقات کی جائیں، عمران خان نے خیبرپختونخوا میں جمعہ کو احتجاج کی کال دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ہی ملک میں غیر محفوظ ہوگئے ہیں، افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے، افغانوں کو تین نسلوں کے بعد پاکستان سے واپس بھیجا گیا ہے، بانی نے آفر کی ہے انہیں پیرول پر رہا کیا جائے وہ امن کیلئے افغانستان سے بات چیت کر کے مسئلہ حل کرکے دینگے۔



