ٹرک گہری کھائی میں گرنے سے15 افراد جاں بحق،8 زخمی
Malakand truck accident
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع ملاکنڈ سے افسوسناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں سوات ایکسپریس وے پر ایک تیز رفتار ٹرک گہری کھائی میں گرنے سے 15 افراد جاں بحق اور 8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب خانہ بدوشوں کا ایک قافلہ سوات سے فیصل آباد کی جانب نقل مکانی کر رہا تھا۔ راستے میں ٹرک کی بریک فیل ہو گئیں، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور ٹرک تیز رفتاری کے باعث سڑک سے اُلٹ کر گہری کھائی میں جا گرا۔

حادثہ اتنا شدید تھا کہ 15 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 8 افراد کو شدید چوٹیں آئیں، عینی شاہدین کے مطابق ٹرک میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔

دوسری جانب اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور لیویز فورس کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمیوں کو نکال کر کیٹیگری اے اسپتال بٹ خیلہ منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا افغان طالبان کی درخواست پر 48 گھنٹے کیلئے سیز فائر کا فیصلہ

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سوات ایکسپریس وے پر اکثر اوورلوڈنگ اور بریک فیل ہونے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، جس سے متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

شہریوں کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس شاہراہ پر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ایسے دلخراش حادثات سے بچا جا سکے۔