
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی حکومت اور افغان طالبان رجیم کے درمیان طالبان کی درخواست پر دونوں کی باہمی رضامندی سے آج شام چھ بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کیلئے عارضی طور پر سیز فائر کا فیصلہ ہوا ہے ۔
وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا کہ اس دوران دونوں اطراف تعمیری بات چیت کے ذریعے اس پیچیدہ مگر قابل حل مسئلے کا مثبت حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش کی جائیں گی۔
قبل ازیں سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی سپن بولدک چمن سیکٹر میں بھرپور جوابی کارروائی کے بعد افغان طالبان نے جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فورسز کی کارروائی، 20 طالبان ہلاک، متعدد زخمی
واضح رہے کہ ترجمان پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ 15 اکتوبرکی صبح افغان طالبان نے اسپن بولدک کے علاقے میں چار مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا جس پر پاکستانی افواج نے افغان طالبان کے حملے کو مؤثر طریقے سے پسپا کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں 15 سے 20 افغان طالبان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، افغان طالبان نے اپنی جانب موجود پاک افغان دوستی دروازہ بھی تباہ کر دیا۔
ترجمان کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ 14 اور 15 اکتوبر کی درمیانی شب کرم سیکٹر خیبرپختونخوا میں بھی افغان طالبان کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی، افواج پاکستان نے مؤثر انداز میں طالبان کے حملے کو ناکام بنایا، جوابی کارروائی میں 8 افغان پوسٹس اور 6 ٹینک تباہ ہوئے جبکہ 25 سے 30 افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی ہلاکت کا امکان ہے۔



