پی پی کا بلاول ہاؤس کی سکیورٹی واپس لینے کا دعویٰ، پنجاب حکومت کی تردید
پیپلزپارٹی نے بلاول ہاؤس لاہور کی سکیورٹی واپس لینے کا دعویٰ کردیا جبکہ پنجاب حکومت نے ایسی افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے ۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پیپلزپارٹی نے بلاول ہاؤس لاہور کی سکیورٹی واپس لینے کا دعویٰ کردیا جبکہ پنجاب حکومت نے ایسی افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے ۔

پیپلزپارٹی ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے بلاول ہاؤس لاہور کی سکیورٹی واپس لے لی ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت سکیورٹی واپس لینے پر برہم ہے ۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے دوبارہ سکیورٹی لینے کی درخواست نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب اب سکیورٹی دے بھی تو ہم نہیں لیں گے ۔

پیپلزپارٹی ذرائع نے کہا کہ حکومت پہلے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے خاندان سے بھی سکیورٹی واپس لے چکی ہے۔

دوسری جانب ذرائع پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ بلاول ہاؤس لاہور کی سکیورٹی واپس نہیں لی گئی ، سکیورٹی اہلکار اُسی طرح بلاول ہاؤس کے اطراف میں تعینات ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کر گئے

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی بلاول ہاؤس لاہور کی سکیورٹی واپس لینے کی تردید کردی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول ہاؤس لاہور کی سکیورٹی واپس لینے کی خبریں جھوٹ اور من گھڑت ہیں، میڈیا اور صحافیوں کو ایسی فیک خبریں چلانے سے گریز کرنا چاہیے، بلاول ہاؤس لاہور میں سکیورٹی معمول کے مطابق موجود ہے۔

ترجمان لاہور پولیس نے بھی بلاول ہاؤس لاہور کی سکیورٹی واپس لینے خبر کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاول ہاؤس کی سکیورٹی مکمل اور معمول کے مطا بق ہے، چند اہلکار ریسٹ پر تھے جن کی جگہ متبادل بجھوا دیے گئے ہیں۔

پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ معمول کی تبدیلی کو سکیورٹی واپس لینے سے جوڑنا بے بنیاد ہے، معمول کی تبدیلی کو سیاسی رنگ دینا حقائق کے منافی ہے، حکومت پنجاب کی طرف سے ایسی کوئی ہدایات نہیں دی گئیں۔