
ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے ایم این اے مبارک زیب خان کے گھر پر دستی بم پھینکا جس سے زور دار دھماکہ ہوا، دستی بم دھماکے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ۔
حملے نتیجے میں رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان اور ان کے اہل خانہ محفوظ رہے، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان کے گھر پر دستی بم حملے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ ان کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔
مبارک زیب خان کے گھر پر دستی بم حملہ سے باجوڑ میں عوامی نمائندوں کی سکیورٹی پر سوالیہ نشان اٹھ گیا، عوام اور سیاسی حلقوں نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے واقعہ پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی پاسپورٹ 103ویں نمبر پر آ گیا
واضح رہے کہ ایم این اے مبارک زیب کے گھر پر یہ تیسرا حملہ ہے، اس سے قبل 14 جون کو بھی مبارک زیب خان کے گھر کو شرپسندوں کی جانب سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
جون میں نامعلوم افراد کی جانب سے مبارک زیب خان کے گھر پر راکٹ حملہ کیا گیا تھا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا، مبارک زیب خان نے راکٹ حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے گھر کو رات کی تاریکی میں راکٹ حملے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس سے قبل مئی میں بھی شرپسندوں نے رکن قومی اسمبلی کے گھر کو نشانہ بنایا تھا جس میں دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) استعمال کی گئی، جس میں ان کے گھر کو معمولی نقصان پہنچا تھا۔
خیال رہے کہ مبارک زیب خان خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی سے آزاد حیثیت میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور وہ وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے قبائلی امور بھی ہیں۔



