پاکستانی پاسپورٹ 103ویں نمبر پر آ گیا
Pakistani passport ranking
فائیل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) Henley Passport Index 2025 کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان کی پاسپورٹ رینکنگ 96ویں پوزیشن سے گر کر 103ویں نمبر پر آ گئی۔

تازہ رینکنگ کے مطابق پاکستانی شہری اب صرف31 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں جو کہ گزشتہ سال کے 32 ممالک سے ایک کم ہے۔

پاکستان سے نیچے صرف چند ممالک رہ گئے ہیں جن میں

  • عراق (104ویں نمبر پر)
  • شام (105ویں نمبر پر)
  • افغانستان (106ویں نمبر پر) شامل ہیں جبکہ پاکستان کی پوزیشن یمن کے ساتھ برابر ہے۔

اسی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا ہمسایہ ملک بھارت بھی تنزلی کا شکار ہوا ہے اور اس کی رینکنگ 85ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب سنگاپور نے مسلسل دنیا کے سب سے طاقتور پاسپورٹ کا اعزاز برقرار رکھا ہے جس کے شہری 193 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔

جنوبی کوریا اور جاپان بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں جن کے شہری 190 اور189 ممالک تک رسائی رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں اساتذہ کو بڑا ریلیف دینے پر غور

متعدد یورپی ممالک جیسے جرمنی، اٹلی، اسپین، لکسمبرگ اور سوئٹزرلینڈ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں اور ان کے شہری 188ممالک میں بغیر ویزا جا سکتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکہ کا پاسپورٹ تاریخ میں پہلی بار اتنے نچلے درجے پر آیا ہے اور اب یہ 12ویں پوزیشن پر ہے۔ امریکی شہری اگرچہ 180 ممالک میں بغیر ویزا جا سکتے ہیں لیکن امریکہ خود صرف 46 ممالک کو ویزا فری انٹری دیتا ہے جس کی وجہ سے اس کی رینکنگ متاثر ہوئی ہے۔

دوسری طرف چین نے عالمی سفری آزادی کے میدان میں تیزی سے ترقی کی ہے، چین کی رینکنگ 2015 میں 94ویں تھی جو اب 64ویں نمبر تک پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ سال کے دوران چین نے 30 نئے ممالک کے ساتھ ویزا فری معاہدے کیے ہیں جو اس کی سفارتی کامیابی اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی عکاسی کرتا ہے۔