
برف سے ڈھکے پہاڑوں پر سورج کی کرنوں کی چمک اور ٹھنڈی ہواؤں کے جھونکوں نے سردیوں کی آمد کا اعلان کر دیا، حالیہ برفباری کے بعد وادی کاغان کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جہاں قدرت کے حسین مناظر دیکھنے کے لیے سیاح بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔
وادی میں برف پر پڑتی سورج کی مدھم روشنی ایک جادوئی منظر تخلیق کرتی ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں مبتلا کر دیتی ہے، ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز اور ریسٹورنٹس میں سیاحوں کا رش بڑھ گیا ہے، مقامی معیشت میں بھی رونق لوٹ آئی ہے۔
دوسری جانب بابو سر ٹاپ، ناران، شوگراں اور ہنزہ جیسے مشہور مقامات پر بھی برفباری کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید برفباری کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کی ملک بھر کے موسم سے متعلق اہم پیشگوئی
سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل موسم کی صورتحال چیک کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
قدرتی حسن سے مالا مال شمالی علاقہ جات اب رفتہ رفتہ برفانی مناظر میں تبدیل ہو رہے ہیں، جو سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔



