محکمہ موسمیات کی ملک بھر کے موسم سے متعلق اہم پیشگوئی
Pakistan weather update
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک اور قدرے سرد موسم کی پیشگوئی کی، جبکہ ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہے گا، تاہم رات اور صبح کے وقت ہلکی خنکی کا احساس بڑھ جائے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں دن کے وقت موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی میں اضافہ متوقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، مری، گلیات، راولپنڈی اور گردونواح میں رات کے وقت درجہ حرارت میں کمی سے سردی کا احساس بڑھنے کا امکان ہے، موسم کا یہ رجحان اگلے چند روز تک برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، جبکہ شمالی حصوں میں رات کے وقت ٹھنڈ میں اضافہ دیکھا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقے جیسے گوادر اور کیچ میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں۔

سندھ کے بیشتر اضلاع خصوصاً کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جہاں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے قدرے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک مگر رات اور صبح کے اوقات میں سردی بڑھنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سبی اور شہید بینظیر آباد ملک کے سب سے گرم شہر رہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔