فیصل کریم کنڈی پشاور پہنچ گئے، آج شام نو منتخب وزیر اعلیٰ سے حلف لیں گے
Khyber Pakhtunkhwa governor
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی گورنر ہاؤس پشاور پہنچ گئے، جہاں وہ آج شام نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لیں گے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے پہلے استعفے میں کئی شکوک و شبہات تھے، جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی، تاہم دوسرا استعفیٰ پہلے پہنچا اور اب صورتحال واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو 90 ووٹ ملے ہیں، صوبائی اراکین اسمبلی نے اُن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ایک تقریب کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی کو ہدایت دی تھی کہ وہ فوراً پشاور پہنچ کر عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں:علی امین گنڈاپور کا بیرون ملک جانے کا معاملہ، وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب

 

 

بلاول بھٹو نے تقریب کے دوران گورنر سے براہِ راست مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ گورنر صاحب! آپ کو خیبرپختونخوا پہنچنا چاہیے، میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے کہوں گا کہ وہ اپنا جہاز آپ کو دے دیں تاکہ آپ اپنی آئینی ذمہ داری پوری کریں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی حلف لینے سے انکار نہیں کیا، میں ہمیشہ آئین اور قانون کی پاسداری کا حامی رہا ہوں اور آج بھی اپنی آئینی ذمہ داری نبھانے کیلئے پشاور تیار ہوں۔