علی امین گنڈاپور کا بیرون ملک جانے کا معاملہ، وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب
Ali Amin Gandapur travel ban
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے سابق وزیرِ اعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور کے بیرون ملک سفر پر عائد پابندی کے کیس میں وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ سے 14 دن کے اندر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق عدالت عالیہ میں علی امین گنڈاپور کی جانب سے بیرون ملک جانے پر عائد پابندی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت میں وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کے نمائندے پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کا نام پی سی ایل، پی این آئی ایل اور ای سی ایل میں شامل ہے جس کے باعث وہ بیرون ملک سفر نہیں کر سکتے۔ وکیل نے استدعا کی کہ ان کا نام فہرستوں سے نکالا جائے تاکہ وہ اپنا بیرون ملک سفر کر سکیں۔

جسٹس سید ارشد علی نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار پہلے یہاں کے کام نمٹائیں، پھر بیرون ملک جائیں۔ جسٹس وقار نے اس موقع پر اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تو درخواست گزار کا استعفیٰ بھی منظور نہیں ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

عدالت نے سماعت کے بعد وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ 14 دن کے اندر تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں، تاکہ آئندہ سماعت میں معاملے پر حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔