
محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن و کوآرڈی نیشن نے تعطیلات کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق تعطیلات 20 اور 21 اکتوبر (پیر اور منگل) کو ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ چھٹیاں صرف سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ہندو ملازمین کیلئے ہوں گی، تاکہ وہ دیوالی کا تہوار اپنے اہلِ خانہ اور پیاروں کے ساتھ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منا سکیں۔
واضح رہے کہ اس نوٹیفکیشن کے بعد سندھ کے تمام محکمے، تعلیمی ادارے، بلدیاتی کونسلز اور جامعات میں ہندو برادری کے ملازمین دو روز کیلئے اپنی مذہبی تقریبات میں شریک ہو سکیں گے۔
دیوالی ہندو برادری کا اہم ترین تہوار ہے جو روشنیوں، خوشیوں اور امید کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس دن گھروں، مندروں اور گلیوں کو چراغاں کیا جاتا ہے، مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں اور دعائیں کی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب یونیورسٹی کے تحت ہونے والے امتحانات کی تاریخیں تبدیل
سندھ حکومت کی جانب سے یہ اقدام مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتی برادریوں کے حقوق کے فروغ کی ایک مثبت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ہندو شہریوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات ملک میں بین المذاہب رواداری کو فروغ دیتے ہیں اور پاکستان کی کثیرالثقافتی شناخت کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔



